گوادر۔بلوچستان کے ضلع گوادر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے بس میں سوار چھ مسافر جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس کے مطابق، واقعہ گوادر کے علاقے کلمت میں پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے مسافروں کو بس سے اتار کر ان پر گولیاں چلا دیں۔ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر دم توڑ گئے، جبکہ ایک زخمی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک کا تعلق ملتان سے تھا، جبکہ تمام متاثرہ افراد کراچی جانے کے لیے سفر کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بلوچستان کے علاقے منگچر میں بھی نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے چار مزدور جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر منگچر علی گل نے بتایا کہ لنگ زئی میں مسلح افراد نے ایک ٹیوب ویل کی تنصیب پر کام کرنے والے مزدوروں کو نشانہ بنایا، جن کا تعلق پنجاب کے ضلع صادق آباد سے تھا۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version