لاہور۔سابق قومی کپتان شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی علیحدگی کے حوالے سے گزشتہ چند برسوں میں کافی قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں، تاہم اب شعیب کی بہن کے حالیہ انکشافات نے اس معاملے کو ایک نیا رخ دے دیا ہے۔
ثانیہ مرزا اور ان کے اہلِ خانہ شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد مکمل خاموش ہیں، مگر شعیب کی بہن کا دعویٰ ہے کہ ثانیہ نے “شعیب کے تعلقات کے معاملات سے تنگ آ کر” خلع لی تھی۔
علیحدگی کے بعد شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید سے تیسری شادی کرلی اور وہ اکثر تنقید کی زد میں بھی رہتے ہیں۔ تاہم ان کی شادی میں خاندان کے افراد کی غیر موجودگی نے کئی سوالات کو جنم دیا، جن کی تصدیق اب ان کی بہن کی جانب سے بھی ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا میں بھی شعیب ملک کی بہن کے انٹرویو کی خوب بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق، شعیب کی بہن نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ان کے خاندان نے اجتماعی طور پر ثنا جاوید کے ساتھ شادی کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے باعث ثانیہ سے طلاق کی وجوہات پر مزید قیاس آرائیاں جنم لینے لگی ہیں۔
شعیب کی بہن نے تصدیق کی کہ وہ اور دیگر اہل خانہ شادی کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے، جس کی ممکنہ وجہ ثانیہ سے ان کی علیحدگی پر خاندان کی ناراضگی ہو سکتی ہے۔
ثانیہ کی بہن انعم مرزا نے اس سے قبل جنوری 2024 میں تصدیق کی تھی کہ ان کی بہن نے شعیب ملک کی ثنا جاوید سے شادی سے چند ماہ قبل ہی خلع لے لیا تھا۔ انعم نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ “ثانیہ نے کچھ مہینے پہلے شعیب ملک سے خلع لیا تھا، اور ہم ان کے نئے سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔”
یہ امر قابل ذکر ہے کہ شعیب ملک کی ازدواجی زندگی ہمیشہ عوامی دلچسپی کا موضوع رہی ہے۔ ان کی پہلی شادی 2010 میں عائشہ صدیقی سے ختم ہوئی، جس کے بعد اسی سال انہوں نے ثانیہ مرزا سے ایک نمایاں اور ہائی پروفائل شادی کی۔ ماضی میں اداکارہ سیالی بھگت کے ساتھ بھی ان کے تعلقات کی افواہیں گردش کرتی رہیں، جنہیں شعیب نے مسترد کر دیا تھا۔
جنوری 2024 میں ثانیہ سے علیحدگی کے چند ماہ بعد ہی شعیب ملک اور ثنا جاوید کی اچانک شادی کی تصاویر منظر عام پر آئیں، جس سے سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی۔ اب ان کی بہن کے حالیہ انکشافات نے شعیب اور ثانیہ کی طلاق کے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔