اسلام آباد۔یومِ پاکستان کی مناسبت سے ایوانِ صدر، اسلام آباد میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے کہا کہ 23 مارچ ہمیں ان لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جن کی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔ انہوں نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بے شمار قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی اور اندرونی و بیرونی دہشت گردی کا بھرپور مقابلہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے خلاف سازشیں کی ہیں، لیکن ہم فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے ففتھ جنریشن وارفیئر کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن قوتیں نوجوان نسل میں مایوسی اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں، مگر ہم انہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
صدرِ مملکت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیے، اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع دے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نصب العین ایک مضبوط، جدید اور اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہے، ہمیں ایک ایسا ملک بنانا ہے جو طاقتور اور ترقی یافتہ ہو۔
آخر میں، صدرِ مملکت نے شاندار پریڈ کے انعقاد پر پاک فوج اور منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔