لاہور۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یومِ پاکستان کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے بانیانِ پاکستان کی جدوجہد اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ ہمیں قیامِ پاکستان کے سنہری مقاصد کی یاد دلاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان وجود میں آیا اور ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، جبکہ ملک کو دنیائے اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں قیامِ پاکستان کے لیے کی جانے والی انتھک جدوجہد کی یاد دلاتا ہے اور اس دن ہمیں قومی یکجہتی، ایمان اور نظم و ضبط جیسے اصولوں کو اپنانے کے عہد کی تجدید کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے اور ہمیں اس کے تقدس و تحفظ کے تقاضے پورے کرنے ہوں گے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ یومِ پاکستان کے موقع پر ہم غربت کے خاتمے، عدم مساوات کے سدباب اور معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کا عہد کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کو قائداعظم اور بانیانِ پاکستان کے وژن کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے تعلیم، صحت اور زراعت میں جدت لانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو پاکستان کی معیشت کا انجن اور ترقی کا مرکز بنایا جائے گا، تاکہ ملک خوشحالی اور ترقی کی نئی منازل طے کر سکے۔