اسلام آباد ۔ رواں سال یومِ پاکستان پریڈ کو محدود پیمانے پر، مگر روایتی جوش و خروش کے ساتھ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی تقریبات مختصر مگر پُرجوش انداز میں منعقد کی جائیں گی۔ اس بار پریڈ کو محدود کرنے کا فیصلہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
یومِ پاکستان پریڈ ایوانِ صدر کے احاطے میں منعقد ہوگی، جہاں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے شرکت کریں گے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے، جبکہ مسلح افواج کے دستے انہیں سلامی پیش کریں گے۔
پاک فضائیہ کے جنگی طیارے ایوانِ صدر کے اوپر شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کریں گے، جبکہ پاکستان آرمی کا معروف پائپ اینڈ پرکشن بینڈ اپنی دُھنوں سے شرکا کو محظوظ کرے گا۔ اس موقع پر غیرملکی سفرا اور اہم قومی شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
یومِ پاکستان کی یہ تقریبات ملک بھر میں قومی وحدت اور حب الوطنی کے جذبات کو اجاگر کرنے کا سبب بنیں گی۔