اسلام آباد۔جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن ہمیں ملک کیلئے متحد ہونا ہوگا، سیاسی باتیں اور اختلافات چلتے رہتے ہیں،فوج کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،ہمیں اس وقت آپس کے اختلاف کو ختم کرتے ہوئے ملکی استحکام کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا‘سیاسی قیادت اور قوم کو کسی مخمصے کا شکار ہوئے بغیر ہر صورت دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہوگا‘پی ٹی آئی کو اجلاس میں نہ دیکھ کر مایوسی ہوئی۔
پارلیمنٹ ہاﺅس میں قومی سلامتی کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان، سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن ہمیں ملک کیلئے متحد ہونا ہوگا، سیاسی باتیں اور اختلافات چلتے رہتے ہیں، فوج کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں اس وقت آپس کے اختلاف کو ختم کرتے ہوئے ملکی استحکام کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا،دہشت گردی کا کوئی مذہب اور فرقہ نہیں، سیاسی قیادت اور قوم کو کسی مخمصے کا شکار ہوئے بغیر ہر صورت دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اجلاس میں نہ دیکھ کر مایوسی ہوئی۔پی ٹی آئی مجھ سے مشورہ کرتی تو انہیں شرکت کا مشورہ دیتا۔1988 سے ملک سے وفاداری کا حلف اٹھا رہا ہوں‘ملک ہے تو سب کچھ ہے‘متعدد بار اپنی تقاریر میں کہہ چکا، کہ یا تو میرا استاد شہید ہے یا اس اسکو مارنے والا مجاہد، دونوں باتیں ایک ساتھ درست نہیں ہو سکتیں‘اپنے استاد کو شہید کہوں گا۔