جدہ –(نورالحسن گجر سے )کبابش آرٹس کونسل جدہ کے زیرِ اہتمام عالمی شہرت یافتہ مزاحیہ و سنجیدہ شاعر سید سلیمان گیلانی کے اعزاز میں ایک پروقار سحری و مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے میزبان کبابش آرٹس کونسل کے صدر علی ملک نے اپنے خطاب میں سید سلیمان گیلانی کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی جدہ آمد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ادبی محافل اردو زبان و ادب کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور کمیونٹی کے درمیان محبت اور یکجہتی کا ذریعہ بنتی ہیں۔

اس موقع پر سید سلیمان گیلانی نے اپنی شگفتہ اور منفرد مزاحیہ شاعری سے شرکاء کو محظوظ کیا۔ ان کے کلام پر حاضرین بے ساختہ قہقہے لگاتے رہے اور دل کھول کر داد دی۔ ان کی شاعری نے محفل کو چار چاند لگا دیے اور سحری کی محفل کو یادگار بنا دیا۔

تقریب کی نظامت معروف شاعر آفتاب احمد ترابی نے کی، جنہوں نے اپنی خوبصورت شاعری بھی پیش کی اور سامعین سے بھرپور داد وصول کی۔ اس یادگار محفل میں شریک معززین نے سید سلیمان گیلانی کی شاعری کو اردو ادب کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔

محفل کا اختتام دعائے خیر اور سحری کے ساتھ ہوا، جس میں شرکاء نے اردو ادب کے فروغ کے لیے مزید ایسی تقریبات منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب میں نمایاں شخصیات میں صدر پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری شفقت محمود،سابقہ مشیر برائے وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری اظہر وڑائچ،چئیرمین مسلم لیگ ن چوہدری اکرم گجر،میاں رضوان الحق،احسان الہی گجر،اور دیگر شامل تھے ۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version