جدہ (نورالحسن گجرسے) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ وہ جدہ میں سابق مشیر برائے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری اظہر وڑائچ کی جانب سے دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کر رہے تھے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ دہشت گردی کے ایسے واقعات پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہیں، مگر پوری قوم متحد ہو کر ان کا مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں، بالخصوص عمرہ کی ادائیگی کے لیے حرمین شریفین آنے والوں سے درخواست کی کہ وہ وطنِ عزیز میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔

افطار ڈنر کے میزبان چوہدری اظہر وڑائچ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور شیخ رشید احمد کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے بھی جعفر ایکسپریس حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔

تقریب میں شریک دیگر معزز شخصیات میں سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز احمد، چیئرمین مسلم لیگ ن چوہدری اکرم گجر، سابقہ امیدوار صوبائی اسمبلی مبشر افضل چیمہ، چیئرمین پاکستان انویسٹرز فورم شفقت محمود، سابقہ امیدوار صوبائی اسمبلی کاشف بٹ، چوہدری ظہیر احمد، عرفان گوندل، ملک آصف مصطفیٰ گجر، ملک عمر فاروق، زاہد بن سرور گجر، احسان الٰہی گجر، چوہدری اکرم فیاض، بابر بٹ اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔

شرکاء نے اس دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمن کامیاب نہیں ہوں گے، اور ملک میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version