بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی 60ویں سالگرہ سے قبل ان کے گھر جا کر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر سخت سیکیورٹی کے ساتھ سلمان خان کی آمد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سلمان خان ‘وائے پلس سیکیورٹی’ کے حصار میں اپنی گاڑی میں عامر خان کی رہائش گاہ میں داخل ہو رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ ایک پولیس وین اور دو گاڑیاں بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔ مداحوں نے بالی ووڈ کے دونوں خانز کی ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

اس سے قبل بھی سلمان خان اور عامر خان کی ملاقات عامر کے بیٹے جنید خان کی فلم ‘لوویاپا’ کے پریمیئر پر ہوئی تھی۔ اس تقریب میں شاہ رخ خان بھی موجود تھے اور تینوں خانز کو ایک ساتھ فوٹوگرافرز کے سامنے پوز دیتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ عامر خان 14 مارچ کو اپنی 60ویں سالگرہ منائیں گے، اور اس موقع پر پی وی آر سنیماز نے ان کی خدمات کے اعتراف میں ‘عامر خان فلم فیسٹیول’ کا اعلان کیا ہے، جہاں ان کی کامیاب فلموں کو دوبارہ دکھایا جائے گا۔

دوسری جانب، سلمان خان اپنی فلم ‘سکندر’ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو عید پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version