لندن۔اگلے ہفتے آسمان پر ایک نایاب فلکیاتی منظر دیکھا جا سکے گا، جو 2040 تک دوبارہ نظر نہیں آئے گا۔

28 فروری کو نظام شمسی کے سات سیارے – عطارد، زہرہ، مریخ، مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون – ایک ساتھ آسمان پر دکھائی دیں گے، جو ایک نادر موقع ہوگا۔

اس سے قبل جنوری میں چھ سیاروں کی صف بندی دیکھی گئی تھی، لیکن فروری کے اختتام پر آسمان کا یہ منظر مزید شاندار ہوگا۔

یہ تمام سیارے سورج کے گرد اپنے مدار میں گردش کے باعث ایک قطار میں نظر آئیں گے۔

پاکستان میں یہ نظارہ کب اور کیسے دیکھا جا سکتا ہے؟

28 فروری کو سورج غروب ہونے کے 45 منٹ بعد آسمان پر زہرہ، مریخ، مشتری اور یورینس بغیر کسی دوربین کے بھی دیکھے جا سکیں گے۔ تاہم، عطارد، زحل اور نیپچون کو دیکھنے کے لیے ٹیلی اسکوپ یا دوربین کی ضرورت ہوگی۔

زہرہ (وینس) مغربی افق پر روشن ہوگا، مریخ جنوب میں جبکہ مشتری جنوب مغرب کی طرف نظر آئے گا۔ یورینس کی چمک کم ہونے کے باعث اسے دیکھنا کچھ مشکل ہوسکتا ہے، لیکن شفاف اور تاریک آسمان میں مغرب-جنوب مغرب کی طرف اسے تلاش کیا جا سکتا ہے۔

زحل، جو جنوری میں واضح نظر آرہا تھا، اب سورج کے قریب ہونے کی وجہ سے غروب کے وقت دکھائی دے گا، جبکہ نیپچون اور عطارد کو دیکھنے کے لیے بھی دوربین کی ضرورت ہوگی۔

خوش قسمتی سے، یہ نایاب منظر پاکستان کے بیشتر شہروں میں نظر آئے گا، تاہم اس کا انحصار موسم کی صورتحال پر ہوگا۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version