پشاور۔خیبرپختونخوا کابینہ نے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے سابق وزیر اعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دے دی۔
کابینہ کے فیصلے کے مطابق اسٹیڈیم کو اب “عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم” کہا جائے گا، جس کے بعد پشاور کا تاریخی ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم سرکاری طور پر عمران خان کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے۔
گزشتہ روز خیبرپختونخوا حکومت نے اس تبدیلی کا فیصلہ کیا تھا، جس کے لیے صوبائی محکمہ کھیل نے ایک سمری تیار کرکے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو ارسال کی تھی۔
دوسری جانب ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے پر ارباب نیاز محمد خان کی فیملی نے اعتراض اٹھایا ہے۔
پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی اور ارباب نیاز محمد خان کے پوتے، ارباب شیر علی نے حکومتی فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سمجھ سے باہر ہے۔ ان کے مطابق، عمران خان ہمیشہ سے زندہ افراد کے نام پر سڑکیں اور عمارتیں رکھنے کے خلاف رہے ہیں، اور 2013 میں خیبرپختونخوا کابینہ نے اسی بنیاد پر اس پالیسی کی منظوری دی تھی۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ فیصلہ عمران خان کی اجازت کے بغیر کیا گیا ہے، جو ان کے اصولوں کے خلاف ہے۔