اسلام آباد۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے دورۂ چین کے دوران بیجنگ میں چینی وزیر داخلہ کیو ینجن سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان انٹیلیجنس شیئرنگ کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق ہوا۔
دونوں رہنماؤں نے پیرا ملٹری فورسز کے ذریعے سرحدی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تعاون بڑھانے پر گفتگو کی، جبکہ پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے بھی اہم معاملات زیر بحث آئے۔
محسن نقوی اور کیو ینجن نے پولیس فورس کے لیے جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے حصول کے طریقہ کار پر تفصیلی مشاورت کی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان، چین سے پولیس کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور آلات حاصل کرے گا تاکہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔
ملاقات میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ بیجنگ پولیس اور اسلام آباد پولیس کے درمیان تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
دونوں وزراء نے جنوری میں ہونے والی جوائنٹ ورکنگ گروپ کی میٹنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ یہ ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی، جس میں سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
آخر میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جسے چینی وزیر نے خوش دلی سے قبول کیا۔