اسلام آباد ۔اراکینِ پارلیمنٹ کے بعد اب وفاقی وزراء کی تنخواہوں میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے لیے سمری تیار کرلی گئی ہے۔
وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کے الاؤنسز اور تنخواہوں سے متعلق 1975ء کے ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو کہ ایکٹ کی شق نمبر تین میں کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شق نمبر تین وزراء کی تنخواہوں سے متعلق ہے، اور سمری کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے دیے جانے کا امکان ہے۔ فی الوقت وفاقی وزیر کی تنخواہ 2 لاکھ روپے اور وزیر مملکت کی تنخواہ 1 لاکھ 80 ہزار روپے ہے، جبکہ وزراء کو الاؤنسز، سرکاری گاڑیاں اور دفاتر کی سہولتیں بھی تنخواہ کے علاوہ دی جاتی ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ترمیم کے بعد وزراء کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔