اسلام آباد ۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا ہے کہ پارٹی چیمپئنز ٹرافی کے دوران کسی ایسے احتجاج کا ارادہ نہیں رکھتی جو ایونٹ میں خلل ڈالے۔ آج ٹی وی کے پروگرام ‘روبرو’ میں میزبان شوکت پراچہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا چیمپئنز ٹرافی میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پارٹی ہمیشہ سچ کی تلاش میں کوشاں رہی ہے اور 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن موجودہ نظام میں سچائی کی طرف بڑھنے کی کوئی خواہش نظر نہیں آتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ نظام دھونس اور جبر کی بنیاد پر چلایا جا رہا ہے، لیکن پی ٹی آئی حق اور سچ کی آواز بلند کرتی رہے گی، چاہے حکمران جتنی بھی کوشش کریں، وہ اس آواز کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مذاکرات کے لیے کوششیں کر رہی تھی، لیکن جب ہم پارلیمان کے وجود پر سوال اٹھاتے ہیں تو کسی کمیٹی کے سامنے بیٹھنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں سے ملک کا نظام نہیں چل رہا اور عوام بھی انہیں تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت کب تک عوام پر حملے کرے گی اور لوگوں کو اغوا کرتی رہے گی؟
سلمان اکرم راجہ نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی 8 فروری کو صوابی میں ایک بڑا جلسہ کرے گی جس میں اپنی آواز بلند کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر دیگر تمام جمہوری قوتوں سے رابطے کرے گی تاکہ ایک بڑا سیاسی اتحاد تشکیل دیا جا سکے۔