پشاور۔خیبر پختونخوا میں سرکاری ملازمین سے بدعنوانی نہ کرنے کا حلف لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق، محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے کے 37 ضلعی ہیلتھ افسران (ڈی ایچ اوز) سے کرپشن نہ کرنے کا حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے تمام ڈی ایچ اوز کے عملے کو مشیر صحت کے دفتر میں طلب کیا جائے گا۔
اہم فیصلے کے تحت، ڈی ایچ اوز کو تحریری حلف نامے دیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق، ان سے عہد لیا جائے گا کہ اگر انہوں نے کرپشن کی تو وہ اللہ کے عذاب کے مستحق ہوں گے۔
مزید برآں، ڈی ایچ اوز اور ان کے عملے سے قوم کے وسائل ذاتی مفاد میں استعمال نہ کرنے، ایمانداری سے کام کرنے اور صحت کے شعبے کو مزید مستحکم بنانے کا حلف بھی لیا جائے گا۔
مشیر صحت احتشام علی نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خاتمے اور صحت کے نظام میں بہتری کے لیے یہ اقدام ضروری ہے۔ اگر کسی کے خلاف بدعنوانی کی شکایت موصول ہوئی اور تحقیقات میں الزام ثابت ہوا، تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔