اسلام آباد ۔وزیرِاعظم شہباز شریف نے چین کے نئے سال کی مناسبت سے چینی صدر شی جن پنگ، چینی عوام اور پاکستان میں مقیم چینی برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں وزیرِاعظم نے کہا کہ چین کی غیر معمولی ترقی ایک بڑی کامیابی ہے، جو ہمیں محنت اور عزم سے آگے بڑھنے کی ترغیب دیتی ہے۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کی قیادت اور بصیرت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین کی ترقی عصرِ حاضر کے اہم ترین واقعات میں شمار ہوتی ہے۔
شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے گہرے تعلقات کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دوستی وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئی ہے اور اب ایک قریبی شراکت داری میں تبدیل ہو چکی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں چین کے ساتھ دوستی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ چینی نیا سال خوشی، تجدید اور نئے آغاز کی علامت ہے۔ اس موقع پر لوگ اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ روایتی کھانے کھاتے ہیں، تحائف کا تبادلہ کرتے ہیں اور آنے والے سال کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سانپ کا سال دانائی اور طاقت کی علامت ہے، جو مشکلات پر قابو پانے اور یکجہتی سے آگے بڑھنے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی ہمیں عالمی امن، ترقی اور باہمی ہم آہنگی کے لیے مل کر کام کرنے کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔
وزیرِاعظم نے دعا کی کہ یہ نیا سال دونوں ممالک کے لیے خوشحالی اور کامیابیوں کا پیغام لے کر آئے اور ہمارے عوام کے درمیان محبت و بھائی چارے کے رشتے مزید مضبوط ہوں۔