اسلام آباد۔رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران بیرون ملک سے ترسیلات زر میں 32.8 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق، مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ترسیلات زر 32.8 فیصد بڑھ کر 17.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ برآمدات میں بھی 4.1 فیصد اضافہ ہوا، جو 16.229 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جبکہ درآمدات میں 14.5 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ 27.743 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
اس مدت کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 28.7 فیصد کمی ہوئی، جو کم ہو کر 1.205 ارب ڈالر تک محدود رہا۔ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی 19.9 فیصد اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں یہ 1.329 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی محصولات میں 25.9 فیصد کا اضافہ ہوا، جو 5.025 ٹریلین روپے تک جا پہنچیں۔ اسی دوران، نان ٹیکس ریونیو 94.5 فیصد اضافے کے ساتھ 3.418 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا۔
زرعی قرضوں میں بھی 8.5 فیصد کا اضافہ ہوا، اور اس دوران 925.7 ارب روپے جاری کیے گئے۔