راولپنڈی۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان سمیت تین افراد کی بریت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ پراسیکیوشن نے عدالت میں دلائل پیش کیے، جنہیں عدالت نے تسلیم کیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، کرنل (ر) اجمل صابر اور سہیل عرفان عباسی کی بریت کی درخواستوں کو ناقابل قبول قرار دیا۔
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے موقف اختیار کیا کہ مقدمے کی کارروائی جاری ہے اور 12 گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر بریت کی درخواست کو سننا مناسب نہیں۔
پراسیکیوشن نے مزید استدعا کی کہ عدالت انہیں شواہد پیش کرنے کا مکمل موقع دے۔ پراسیکیوٹر نے یہ بھی یاد دلایا کہ اس سے قبل شیخ رشید کی بریت کی درخواست بھی مسترد کی جا چکی ہے اور ہائی کورٹ نے بھی اس فیصلے کی توثیق کی تھی۔
عدالت نے پراسیکیوشن کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے تینوں افراد کی بریت کی درخواستوں کو مسترد کر دیا۔