اسلام آباد ۔اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا ہے کہ 2025 میں نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ متعارف کروا دیے جائیں گے۔ کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ نئے کرنسی نوٹ مرحلہ وار پرنٹ کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک نئے نوٹ کی تکنیکی جانچ کر رہا ہے، اور جلد ہی کابینہ سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
گورنر نے کہا کہ 2025 میں پاکستان کا پہلا نیا نوٹ جاری ہوگا، تاہم اس کی مالیت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ مرحلہ وار گردش میں لائے جائیں گے، اور مختلف مالیت کے نوٹ بیک وقت نہیں بلکہ تدریجاً جاری کیے جائیں گے۔