اسلام آباد۔آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے خام تیل کی پیداوار میں اضافے کا اعلان کیا ہے، جس سے ملکی توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
او جی ڈی سی ایل کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق، حیدرآباد میں واقع کنر آئل فیلڈ 12 کی یومیہ خام تیل کی پیداوار 1060 بیرل سے بڑھا کر 1820 بیرل کر دی گئی ہے، یعنی 760 بیرل یومیہ کا اضافہ ہوا ہے۔
یہ اضافہ جیٹ پمپ کو الیکٹریکل پمپ سے تبدیل کرنے کے نتیجے میں ممکن ہوا۔
اسی طرح، کنر آئل فیلڈ 6 میں بھی خام تیل کی پیداوار کو دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔ اس آئل فیلڈ کو پانی کی زیادہ مقدار کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا، لیکن آرٹیفیشل لفٹ سسٹم کے ذریعے پیداوار دوبارہ شروع کی گئی ہے، جس سے یومیہ 400 بیرل خام تیل حاصل کیا جا رہا ہے۔
حیدرآباد میں واقع ان دونوں آئل فیلڈز سے مجموعی طور پر خام تیل کی پیداوار میں یومیہ 1160 بیرل کا اضافہ ہوا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کا یہ اقدام نہ صرف ملکی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ معیشت کو بھی مضبوط کرے گا۔