لاہور۔پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پنجاب پولیس نے ٹیموں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے جامع اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، لاہور اور راولپنڈی میں شیڈول ہائی پروفائل میچز کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 12,564 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ لاہور میں 7,618 اہلکار جبکہ راولپنڈی میں 4,535 اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ اسپیشل برانچ کے 411 افسران بھی ان انتظامات کا حصہ ہوں گے۔
سیکیورٹی مزید مستحکم کرنے کے لیے پاک فوج اور رینجرز کے تعاون سے فضائی نگرانی کی جائے گی، جبکہ کھلاڑیوں کو ریاستی مہمان کا درجہ دے کر ان کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
اسٹیڈیم جانے والے تمام راستوں پر سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔
15 میچز پر مشتمل اس ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے ہوگا اور یہ 9 مارچ تک کراچی، لاہور، راولپنڈی، اور دبئی میں جاری رہے گا۔ پاکستان کا پہلا میچ 19 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان روایتی ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہوگا۔
چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور حکومت کی جانب سے تمام تر تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، تاکہ اس بڑے ایونٹ کو کامیابی سے منعقد کیا جا سکے۔