اسلام آباد ۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے شیر افضل مروت کو بطور وکیل صفائی خدمات انجام دینے سے روک دیا ہے اور جیل انتظامیہ اور عدالت کو واضح طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ وہ ان کے وکیل نہیں ہیں۔
عمران خان نے جیل حکام کو تحریری طور پر ہدایت دی ہے کہ شیر افضل مروت کو اڈیالہ جیل میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے اور انہیں ملاقات کے لیے نہ آنے دیا جائے۔
شیر افضل مروت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل کا رخ کیا تھا۔ وہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ سے ڈیوڑھی تک پہنچے، لیکن جیل انتظامیہ نے انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی اور واپس بھجوا دیا۔
ذرائع کے مطابق، جب شیر افضل مروت جیل پہنچے تو جیل انتظامیہ نے فوری طور پر عمران خان کو اطلاع دی، جس پر انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں۔ عمران خان نے اپنے قریبی ساتھی احمد خان بھچر کو اڈیالہ جیل طلب کر لیا ہے۔
یہ پیش رفت ان حالات میں ہوئی ہے جب سیاسی کشیدگی عروج پر ہے اور قانونی معاملات میں وکلا کے انتخاب پر بھی غیرمعمولی توجہ دی جا رہی ہے۔