اسلام آباد۔نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کراچی سے آنے والی افتتاحی پرواز نے اپنی منزل پر کامیابی سے پہنچ کر ایک نیا باب رقم کیا۔
کراچی سے روانہ ہونے والی پرواز کو نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچنے پر روایتی واٹر سیلوٹ کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق، قومی ایئرلائن کی افتتاحی پرواز پی کے 503 اپنے شیڈول سے 45 منٹ تاخیر کے بعد صبح 9:15 کی بجائے 10 بجے روانہ ہوئی۔ اس پرواز کے ذریعے 46 مسافر گوادر کے نئے ایئرپورٹ پر پہنچے۔
اس موقع پر وزیردفاع اور ہوا بازی خواجہ آصف موجود تھے، جنہوں نے افتتاحی پرواز کے استقبال میں حصہ لیا۔
قبل ازیں، پاک بحریہ کے کمانڈر ویسٹ ریئر ایڈمرل عدنان سرور ملک، ڈپٹی ڈی جی ایئرپورٹس صادق، اور ڈپٹی کمشنر گوادر نے وزیردفاع کا ایئرپورٹ پہنچنے پر استقبال کیا۔
گوادر کا یہ ایئرپورٹ پاکستان کا دوسرا گرین فیلڈ ایئرپورٹ ہے، جہاں بڑے حجم کے طیارے، جیسا کہ ایئربس 380، بھی لینڈنگ کرسکیں گے۔
نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کا آغاز 2019 میں ہوا، اور منصوبہ 2024 کے نومبر میں مکمل کیا گیا۔ اس ایئرپورٹ کی تعمیر پر 50 ارب روپے (چینی گرانٹ سمیت) خرچ کیے گئے۔ وسیع صلاحیت رکھنے والا یہ ایئرپورٹ روزانہ 50 سے زائد ایئرلائنز کو ایندھن اور کارگو کی خدمات فراہم کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔