اسلام آباد۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور ان کے تحریری مطالبات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں قیام کے دوران جاتی امرا رائیونڈ میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور پی ٹی آئی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ساتھ ہی پی ٹی آئی کی جانب سے پیش کیے گئے تحریری مطالبات کے جواب کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف، اور مریم نواز کے درمیان یہ ملاقات دو گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم ماڈل ٹاؤن واپس روانہ ہو گئے۔