نئی دہلی ۔بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کے چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان کا دورہ کرنے کے امکانات زیر غور ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما ممکنہ طور پر چیمپئنز ٹرافی کے فوٹوشوٹ اور کپتانوں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان جا سکتے ہیں۔
ان رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے قواعد کے تحت ہر بڑے ٹورنامنٹ سے پہلے میزبان ملک میں تمام شریک ٹیموں کے کپتان ایک تقریب میں جمع ہوتے ہیں۔ اس بار 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے، اور روہت شرما کی اس تقریب میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ ابھی تک نہیں کیا گیا۔
چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا، جبکہ بھارتی ٹیم اپنا پہلا میچ 20 فروری کو دبئی میں بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ روہت شرما کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تمام ممکنہ عوامل کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اگر یہ دورہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین کے لیے یہ ایک خوش آئند لمحہ ثابت ہو سکتا ہے۔