کراچی۔مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر نظیر محمد عیاد نے پاکستان میں جامعہ الازہر کا کیمپس قائم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس کا مقصد اسلامی تعلیمات کے ساتھ ساتھ عربی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔
وزارت تعلیم کے جاری کردہ بیان کے مطابق، مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر نظیر محمد عیاد نے وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ڈاکٹر نظیر محمد عیاد نے بتایا کہ جامعہ الازہر میں 40 فیصد سے زائد طالبات تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور یہ ادارہ خواتین کی تعلیم کا پُرجوش حامی ہے۔ اس کی بنیاد کا مقصد اسلامی تعلیمات کے ساتھ ساتھ عربی ثقافت کو بھی فروغ دینا ہے، تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
مفتی اعظم مصر نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنے علما کو مصر بھیجنا چاہیے تاکہ وہ دنیا کی قدیم ترین تعلیمی اداروں میں سے ایک کے تجربات اور تعلیمات سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان اور مصر دونوں ہی دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کے حامل ہیں۔انہوں نے جامعہ الازہر کو پوری اسلامی دنیا کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا خواب ہے کہ وہ اس تعلیمی ادارے کا دورہ کریں جو اسلامی تعلیمات کا مرکز ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزارت تعلیم جامعہ الازہر کے کیمپس کے قیام کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
خالد مقبول صدیقی نے مفتی اعظم مصر کو یہ بھی بتایا کہ اسلام آباد میں تمام سرکاری اسکولوں میں عربی زبان کی تدریس شروع کی گئی ہے تاکہ اسلام کی اصل تعلیمات سے آگاہی حاصل ہو سکے۔