اسلام آباد۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین بھی ملک کی معاشی ترقی کے معترف ہو چکے ، سیاستدانوں کے درمیان مذاکرات ہوتے رہتے ہیں ، مذاکرات اور بات چیت ہی مسائل کا واحد حل ہے ۔ پاکستان میں چیمپئینز ٹرافی کا بڑا ایونٹ بھی آرہا ہے ، ایونٹ کے انعقاد سے ملک کا عالمی سطح پر تشخص مزید بہتر ہو گا ۔
میڈیا کرکٹ لیگ 2025ءکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوے انہوں نے کہا میڈیا کرکٹ لیگ کے انعقاد پر جنگ میڈیا گروپ سمیت تمام سپانسرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمیں کھیلوں جیسی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ خوبصورت کرکٹ گراونڈ میں شائقین کو اچھا کھیل دیکھنے کو مل رہا ہے
میڈیا کرکٹ لیگ میں شریک تمام کرکٹ ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم کو انعامات دینے کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا پاکستان میں چیمپئن ٹرافی کا بڑا ایونٹ بھی آ رہا ہے۔ الحمد اللہ پاکستان میں ایسے ٹورنامنٹس کی میزبانی کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔ پاکستان نے کھیل کے میدان میں اچھی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا ایس سی او کے کامیاب انعقاد سے سب کو معلوم ہو گیا ہے کہ ہم بڑے ایونٹس منعقد کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے و زیر داخلہ محسن نقوی کی کرکٹ کے لئے کوششوں کو بھی قابل ستائش قرار دیا ۔ انہوں نے کہا پاکستان ہے تو ہم ہیں پاکستان کے لیے آگے بڑھیں گے۔
چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد سے پاکستان کا تشخص مزید بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا اڑان پاکستان پروگرام میں بھی کھیل بھی شامل ہیں۔ 2025ءخوشخبریوں کا سال ہے ہم متحد ہو کر پاکستان کی معیشت کو بہتر کر سکتے ہیں۔ سٹاک ایکسچینج دن بدن ریکارڈ قائم کر رہی ہے، مہنگائی میں کمی آرہی ہے ، بر آمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کو سیاست میں اور سیاست کو کھیل میں شامل نہیں کیا جانا چاہئے۔
حکومت ملک میں کھیلوں کی بہتری کے لئے بھی کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان میں سستا ترین انٹرنیٹ صارفین کو فراہم کیا جا رہا ہے، بغیر کسی ثبوت کے وی پی اینز کے بارے میں پروپیگنڈا کیا گیا۔ تنقید ضرور کریں مگر پاکستان کا تشخص برباد نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اب تو سیاسی مخالفین بھی پاکستان کے معاشی استحکام کے معترف ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات بارے بات کرتے ہوے انہوں نے کہا سیاستدان آپس میں مذاکرات اور بات چیت کرتے رہتے ہیں۔ بات چیت سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔