اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل خالد یوسف چوہدری کا موبائل فون چوری ہو کر بھارت پہنچ گیا، جس میں ان کے تمام اہم مقدمات سے متعلق حساس معلومات موجود تھیں۔
خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ کا موبائل فون 23 دسمبر کو القادر کیس کی سماعت کے بعد فیض آباد کے قریب خنجر کی نوک پر چھین لیا گیا تھا۔ موبائل میں ان مقدمات سے متعلق تمام ریکارڈ، وکلاء اور عدالتوں کے ساتھ رابطہ کاری کے لیے استعمال ہونے والے ڈیٹا سمیت دیگر اہم معلومات موجود تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ تھانہ آئی نائن پولیس میں مقدمہ درج کروایا گیا، جس کی تفتیشی افسر ظفر مہدی ہیں۔ خالد یوسف نے ایپل کی “فائنڈ مائی” سروس کے ذریعے موبائل کی لوکیشن ٹریک کرنے کی کوشش کی، جس سے معلوم ہوا کہ ان کا آئی فون 13 پرو میکس بھارتی ریاست 36 گڑھ اور مدھیہ پردیش کے درمیان کے علاقے میں آن کیا گیا۔
خالد یوسف نے کہا، “میں نے سنا تھا کہ اسمگلنگ افغانستان کے راستے سے ہوتی ہے، لیکن یہ بھارت کے ساتھ خفیہ راستے کب کھل گئے؟” انہوں نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور سوال اٹھایا کہ حساس معلومات رکھنے والا موبائل بھارت تک کیسے پہنچ گیا۔
یہ صورتحال نہ صرف مقدمات کی سیکیورٹی کے لیے خطرناک ہے بلکہ اس سے قانونی ٹیم کو درپیش سنگین مسائل کا بھی سامنا ہے۔