لندن۔دنیا کے مشہور اور کامیاب ترین یوٹیوبر جمی ڈونلڈسن، المعروف مسٹر بیسٹ، نے اپنی منگنی کا اعلان کر دیا۔
مسٹر بیسٹ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو یہ خوشخبری دی، جس میں وہ اپنی منگیتر تھیا بوائسن کو انگوٹھی پہنا رہے ہیں۔ یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، اور مداحوں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ یوٹیوبر نے اپنی منگنی کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں، جو کرسمس کے موقع پر لی گئی تھیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر کے کیپشن میں مسٹر بیسٹ نے لکھا، “لڑکے نے بڑا کام کر ڈالا۔” تصویر میں وہ گھٹنوں کے بل بیٹھ کر اپنی منگیتر کو انگوٹھی پیش کرتے نظر آ رہے ہیں۔
تھیا بوائسن نے بتایا کہ منگنی کے لمحات ان کے لیے بے حد خاص تھے۔ کرسمس کے دن وہ اپنے گھر میں فیملی کے ساتھ وقت گزار رہے تھے، اور اس موقع پر مسٹر بیسٹ کی فیملی بھی جنوبی افریقہ سے آئی ہوئی تھی۔ جب وہ تحائف کھول رہے تھے، تو مسٹر بیسٹ نے آخری تحفے کے طور پر انہیں سرپرائز دینے کے لیے آنکھیں بند کرنے کو کہا۔ تھیا کے مطابق، جب پروپوزل سامنے آیا، تو انہوں نے فوراً “ہاں” کہہ دی۔
مسٹر بیسٹ اور تھیا بوائسن کی ملاقات 2022 میں ایک مشترکہ دوست کے ذریعے جنوبی افریقہ میں ہوئی تھی۔
تھیا بوائسن نہ صرف ایک ماہر گیمر اور مواد تخلیق کار ہیں بلکہ وہ قانون، نفسیات، اور نیورو سائنس میں ڈگریاں بھی حاصل کر چکی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں پیدا ہونے والی تھیا نے نوعمری میں ہی کتاب “دی مارکڈ چلڈرن” لکھی، جس پر انہوں نے ہائی اسکول میں کام شروع کیا تھا۔
یہ منگنی نہ صرف یوٹیوب کمیونٹی بلکہ مسٹر بیسٹ کے مداحوں کے لیے بھی خوشی کا باعث بنی ہے، جنہوں نے اس نئے سفر پر انہیں ڈھیروں دعائیں اور نیک تمنائیں دی ہیں۔