باکو۔قازقستان کے شہر اکتاؤ میں آذربائیجان کا ایک مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس میں متعدد ہلاکتوں کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طیارے میں 72 مسافر اور عملے کے 5 ارکان موجود تھے۔ حادثے کے بعد 14 مسافروں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ دیگر مسافروں کے بارے میں کوئی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
یہ طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روسی ریاست چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی کی جانب جا رہا تھا، تاہم دھند کے باعث اس کا راستہ تبدیل کر دیا گیا۔
حادثے کی اصل وجہ کا تعین ابھی نہیں ہو سکا، لیکن عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارہ فضاء میں پرندوں کے ایک غول سے ٹکرا گیا تھا۔
قازقستان کی وزارت ہنگامی حالات کے مطابق جائے حادثہ پر ایمرجنسی عملہ آگ بجھانے اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔
رپورٹس کے مطابق حادثے سے قبل طیارے نے اکتاؤ ایئرپورٹ کے اوپر کئی بار چکر لگائے۔