اسلام آباد۔ایک حالیہ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کی اکثریت مستقل طور پر ملک چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
’اپسوس پاکستان‘ کے سروے کے مطابق 74 فیصد نوجوان اپنے ملک میں رہتے ہوئے پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے خواہشمند ہیں، جبکہ صرف 26 فیصد نوجوان بہتر مواقع کی تلاش میں بیرون ملک جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ان نوجوانوں میں سے جو ملک چھوڑنے کی خواہش رکھتے ہیں، 30 فیصد نے سعودی عرب، 20 فیصد نے دبئی، 9 فیصد نے برطانیہ، اور 8 فیصد نے کینیڈا یا امریکا جانے کی خواہش ظاہر کی، جبکہ 5 فیصد یورپ منتقل ہونا چاہتے ہیں۔
سروے سے یہ بھی معلوم ہوا کہ بیرون ملک جانے کے خواہشمند نوجوانوں کی اکثریت کا تعلق اسلام آباد اور خیبرپختونخوا سے ہے۔ اسلام آباد میں 46 فیصد اور خیبرپختونخوا میں 35 فیصد نوجوان بیرون ملک جانا چاہتے ہیں۔
مزید برآں، مراعات یافتہ طبقے کے 36 فیصد نوجوانوں نے ملک چھوڑنے کی خواہش ظاہر کی، جبکہ غیر مراعات یافتہ یا مزدور طبقے میں یہ شرح 23 فیصد تھی۔