اسلام آباد۔شیریں مزاری اور ان کی بیٹی ایمان مزاری کے درمیان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر دلچسپ صورتحال اُس وقت پیدا ہوئی جب شیریں مزاری نے فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’’میرے دوست، تم بالکل بھی ایسے نہیں ہو۔‘‘ اس کے جواب میں ایمان مزاری نے اپنی والدہ کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا، ’’یہ بالکل ایسا ہی ہے، کیونکہ اس کی تربیت اسٹیبلشمنٹ نے کی ہے۔‘‘
ماں اور بیٹی کے درمیان یہ اختلاف اُس وقت سامنے آیا جب سلمان درانی نے ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں فواد چوہدری کا بیان درج تھا کہ ’’مجھ پر تنقید پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا نہیں بلکہ پاکستان مخالف عناصر کر رہے ہیں۔‘‘
اس پر شیریں مزاری نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’تنقید کرنے والوں کو پاکستان مخالف قرار دینا مناسب نہیں۔ یہ رویہ غیرمنصفانہ ہے اور جابرانہ ماحول کو فروغ دیتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ہمیں آزادیٔ اظہار اور آئینی حقوق کا احترام کرنا چاہیے اور برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔‘‘
آخر میں شیریں مزاری نے فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’’میرے دوست، تمہاری طبیعت ایسی نہیں کہ تم اختلاف رائے رکھنے والوں کو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹتے پھرو۔‘‘
اس پر ایمان مزاری نے اپنی ماں کو جواب دیتے ہوئے کہا، ’’آپ کو بہتر دوستوں کی ضرورت ہے۔ یہ (فواد چوہدری) بالکل ایسا ہی ہے، نہ اس نے اپنے ماضی سے کچھ سیکھا اور نہ ہی وہ اُن لوگوں سے الگ ہوا جن کی وجہ سے یہ مشکلات کا شکار ہوا۔ اب بھی وہ اُنہی کو خوش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘‘
ایمان نے مزید کہا، ’’فواد چوہدری حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ بانٹ رہا ہے کیونکہ اس کی تربیت اسٹیبلشمنٹ کے زیرِ اثر ہوئی ہے۔‘‘