بیجنگ ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورہ چین کے دوران ہواوے کے تعاون سے لاہور کو پاکستان کا پہلا جدید ترین اسمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دورے کے پانچویں روز، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شنگھائی کے لونگ گانگ ڈسٹرکٹ میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ہواوے کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آفس قائم کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے ہواوے کو پنجاب میں اسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ پلانٹس کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور صوبے بھر میں ہواوے کے ریٹیل آفسز اور آفٹر سیل سروس سینٹرز قائم کرنے کی تجویز دی۔
وزیر اعلیٰ کی ہواوے کے صدر، وانگ چینگ ڈونگ، سے ملاقات میں لاہور کو ماڈرن ڈیجیٹل سٹی بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں ای کامرس، ہیلتھ، ایجوکیشن، اور ایکو سسٹم پروڈکشن جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔ وزیر اعلیٰ نے ڈیجیٹل پنجاب کے ویڑن کو عملی جامہ پہنانے میں ہواوے کے تعاون پر زور دیا اور پنجاب کے پہلے مکمل اے آئی یونیورسٹی پروجیکٹ میں ہواوے کی مہارتوں سے فائدہ اٹھانے کی خواہش ظاہر کی۔
وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ ہواوے پنجاب کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کی مہارتوں سے متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کرے۔ انہوں نے کیپسٹی بلڈنگ، آئی ٹی ریسرچ، اور ایکو سسٹم ڈویلپمنٹ میں ہواوے کی معاونت طلب کی۔ وزیر اعلیٰ نے لاہور میں ہواوے کے اشتراک سے پہلے سیف سٹی پراجیکٹ کے قیام کا بھی ذکر کیا اور مزید منصوبوں میں تعاون پر بات چیت کی۔
مریم نواز شریف نے ہواوے کے ہیلتھ اور ایجوکیشن سیکٹر میں جاری پراجیکٹس کے بارے میں آگاہی حاصل کی اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پنجاب کے سیف سٹی پراجیکٹس اور دیگر ڈیجیٹلائزیشن منصوبوں میں ہواوے کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کی امید ظاہر کی۔