لاہور۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ طلبہ یونیورسٹیز میں اچھے لگتے ہیں، ڈی چوک پر نہیں، اس لیے وہ نہیں چاہتیں کہ طلبہ کے ہاتھوں میں پتھر یا ڈنڈے ہوں۔
اسکالرشپ اسکیم کے آغاز کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ذہین طلبہ کی تعلیم ان کی ذمے داری ہے اور حقیقی سیاستدان وہ ہوتا ہے جو نئی نسل پر سرمایہ کاری کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بندوق، غلیل، پتھر اور کیلوں والے ڈنڈے پاکستان کی شناخت نہیں ہیں، بلکہ پاکستان کی شناخت طلبہ ہیں۔ یہ چہرہ ڈی چوک پر بیٹھ کر پتھر پھینکنے یا ڈنڈے چلانے کے بجائے، کالج یا یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرتا ہوا زیادہ اچھا لگتا ہے۔ ہم میں سے کوئی بھی نہیں چاہے گا کہ طلبہ کے ہاتھوں میں پتھر یا ڈنڈے ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ جب بیلاروس کے صدر پاکستان کے دورے پر آئے تھے، تو وہ ملک کا کیا تاثر لے کر واپس گئے ہوں گے۔ انہیں پاکستان کے تعلیمی اداروں کا دورہ کرانا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ عوامی پیسہ پہلے بھی حکومتوں کے پاس تھا، مگر یہ آپ تک کیوں نہیں پہنچا؟ اگر وہ پیسہ آپ تک پہنچا ہوتا تو آج کروڑوں بچے تعلیم یافتہ ہوتے۔ اب وزیر اعلیٰ کے دفتر میں ایسی وزیر اعلیٰ ہیں جو آپ کے مستقبل کے لیے کام کر رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم ایک ایسا منصوبہ لا رہے ہیں جس میں آپ کو کروڑوں روپے تک کا قرض دیا جائے گا تاکہ آپ اپنا کاروبار شروع کر سکیں اور اپنے والدین پر بوجھ نہ بنیں۔ یہ قرض بلا سود اور آسان اقساط پر دیا جائے گا تاکہ آپ ذہنی سکون کے ساتھ کام کر سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسکالرشپ کے لیے 70 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں، اور صوبے میں 30 ہزار اسکالرشپ دی جا رہی ہیں، جن میں 18 ہزار طلبہ اور 12 ہزار طالبات شامل ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جنوری سے دوبارہ لیپ ٹاپ اسکیم شروع کی جائے گی، اور طلبہ کی تمام ضروریات کی ذمہ داری اٹھائی جائے گی، چاہے ان کا تعلق ن لیگ سے ہو یا نہ ہو۔ اس اسکالرشپ پروگرام سے وہ طلبہ بھی فائدہ اٹھا سکیں گے جن کے پاس وسائل نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں کسی بھی تعیناتی کو میرٹ کے بغیر نہیں کیا گیا۔
ہونہار اسکالرشپ اسکیم کی تقریب
اس سے قبل، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے طلبہ میں چیک تقسیم کر کے ہونہار اسکالرشپ اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
پنجاب یونیورسٹی میں قرآن پاک کی تلاوت سے تقریب کا آغاز ہوا، جبکہ جی سی یونیورسٹی کے میوزیکل سوسائٹی گروپ نے قومی ترانہ اور کلام اقبال پیش کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جی سی یو کے طلبہ سے محبت کا اظہار کیا۔ ہونہار اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔