اسلام آباد ۔چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے ہائبرڈ ماڈل کی مخالفت کرنے والے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنے ملک میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس کے لیے ہائبرڈ فارمولا تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو 2031 تک بھارت میں ہونے والے تمام آئی سی سی ایونٹس کے لیے ہائبرڈ ماڈل اپنانے کی تجویز دی تھی۔ اس کے تحت اگر بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں آتی تو پھر پاکستان کی ٹیم بھی بھارت کا سفر نہیں کرے گی کیونکہ حکومت سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے اجازت نہیں دے گی۔
تاہم، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا کہنا ہے کہ بھارت میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں ہیں، اس لیے کوئی بھی ایونٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت نہیں ہوگا۔
اس سے قبل آئی سی سی کے وفد نے بھارت کے علاوہ پاکستان میں سیکیورٹی اور اسٹیڈیمز کی حالت کا جائزہ لیا تھا، اور اس حوالے سے کوئی اعتراض نہیں اٹھایا، مگر بھارت نے سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر پاکستان آنے سے انکار کر دیا۔
یاد رہے کہ 2025 میں ون ڈے ورلڈ کپ، 2026 میں ٹی20 ورلڈ کپ، 2029 کی چیمپئنز ٹرافی اور 2031 کا ون ڈے ورلڈ کپ بھی بھارت میں شیڈول ہیں۔
مزید برآں، رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر آئی سی سی بورڈ آئندہ چند دنوں میں دوبارہ اجلاس بلائے گا۔
دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایونٹ کی مکمل میزبانی کرنے پر ڈٹا ہوا ہے، اور ہائبرڈ ماڈل کی صورت میں بھی اپنے موقف پر قائم ہے کہ 2031 تک بھارت میں ہونے والے تمام ایونٹس کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت منعقد کیا جائے گا، جس پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔