اسلام آباد۔سابق ڈی جی نیب لاہور، شہزاد سلیم کے خلاف مس کنڈکٹ پر نیب کی جانب سے انکوائری کا انکشاف ہوا ہے۔ چیئرمین نیب نے انہیں چارج شیٹ جاری کی، جسے شہزاد سلیم نے عدالت میں چیلنج کیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کو شہزاد سلیم کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔
شہزاد سلیم نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔ شہزاد سلیم نے اپنی درخواست میں اپنے خلاف مس کنڈکٹ کی انکوائری کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ ان کے خلاف کارروائی بے بنیاد ہے، جسے روکنے کی استدعا کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کو سابق ڈی جی شہزاد سلیم کے خلاف کسی بھی تادیبی کارروائی سے روک دیا اور حکم دیا کہ پٹیشن کے فیصلے تک نیب شہزاد سلیم کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرے۔ عدالت نے نیب کو جواب کے لیے 16 دسمبر تک نوٹس جاری کردیا اور انکوائری کی مکمل رپورٹ اور پیراوائز کمنٹس طلب کرلیے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب پہلے ہی اس کیس کی انکوائری کر چکا ہے اور انکوائری ختم کر دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات بھی موجود ہیں اور دوبارہ انکوائری شروع کرکے چارج شیٹ جاری کرنا قواعد و ضوابط کے خلاف ہے۔عدالت نے مزید سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کر دی۔