پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے کی موجودہ صورتحال غلط حکمت عملی کے سبب خراب ہوئی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے اقراء نیشنل یونیورسٹی کے کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے لیے 3 کروڑ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ یونیورسٹی نجی شعبے میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے، حکومت کبھی بھی عوام اور نجی شعبے کے تعاون کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے اور ہم نجی شعبے کی حمایت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ہماری اصل قوت ہیں، ان میں سرمایہ کاری کرنا ضروری ہے، ہمارے صوبے کی حالت غلط پالیسیوں کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے، صوبے میں امن قائم کرنے کے لیے فورسز اور عوام نے قربانیاں دی ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ طلباء کو اپنے والدین اور اساتذہ کا احترام کرنا چاہیے، ان کو سیکھتے رہنا اور زندگی میں مقابلہ کرنا سیکھنا ضروری ہے۔ ہمیں ہار نہیں ماننی چاہیے اور نہ ہی پریشان ہونا چاہیے کیونکہ عزت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ مقابلے کی اس راہ میں آپ کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ مجھے لاہور گورنمنٹ کالج سے جھگڑا کرنے پر نکالا گیا تھا اور میریخلاف 256 ایف آئی آرز درج کی گئی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں ہمارے لوگوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، جو شخص دوسروں کی کامیابی میں خوش ہوتا ہے وہ واقعی کامیاب ترین انسان ہے۔