اسلام آباد ۔ وفاقی دارالحکومت میں پولیس کا پاکستان تحریک انصاف کے متحرک اور سوشل میڈیا استعمال کرنے والے کارکنوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن’ پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریوں کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جیو فینسنگ کی اور 26نومبر کو ڈی چوک اور اطراف میں اکٹھے ہونے والے افراد کے موبائل فون کا ریکارڈ اکٹھا کیا گیا’ ریکارڈ کی روشنی میں سینکڑوں افراد کو گرفتار کرکے مختلف تھانوں میں منتقل کردیا گیا۔اسلام آباد پولیس نے 26 نومبر کو ڈی چوک’ جناح ایونیو اور اطراف میں اکٹھے ہونے والے افراد کا پتہ لگانے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا اور جیو فینسنگ کے ذریعے لوگوں کے موبائل فون کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا جو لوگ 26 نومبر کو پہلی بار بلیو ایریا میں داخل ہوئے یا پھر پی ٹی آئی اے کے سوشل میڈیا گروپوں کا حصہ تھے ان کی گرفتاریوں کے لئے پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے ریکارڈ کی روشنی میں پورے اسلام آباد میں کاروائیاں کیں اور مجموعی طور پر پانچ سو سے زائد افراد کو گرفتار کرکے مختلف تھانوں میں بند کردیا گیا۔بعد ازاں ان میں سے کئی افراد کو ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد رہا کردیا گیا ۔