اسلام آباد۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، عطا تارڑ، نے کہا ہے کہ عوام نے انتشار کی سیاست کو مسترد کردیا، ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔ بیلاروس کے صدر کا دورہ پاکستان کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے صدر کا پاکستان آنا خوش آئند اور تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا، اور بیلاروس پاکستان کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کے دورے کو کامیاب اور فائدہ مند قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے بیلاروس کے صدر کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کے دورے کو پاکستان کی معیشت کے لیے انتہائی مثبت قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آج پاکستان کا اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ کی تاریخی سطح کو عبور کر چکا ہے، جو کہ ملکی معیشت کی درست سمت میں ترقی کو ظاہر کرتا ہے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کے بہتر ہونے سے سرمایہ کاری اور ترقی میں اضافہ ہوگا، جس سے پاکستان میں دوست ممالک کی جانب سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید اضافہ ہوگا۔