اسلام آباد۔وفاقی حکومت نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران سرکاری وسائل کے ممکنہ استعمال کے خلاف خیبرپختونخوا حکومت کو باضابطہ طور پر خط ارسال کر دیا ہے۔
وزارت داخلہ پاکستان کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو لکھے گئے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ احتجاج میں کسی قسم کی سرکاری مشینری، اہلکار یا سرکاری فنڈز کا استعمال نہ کیا جائے۔
خط میں حکومت نے زور دیا کہ ریاستی وسائل کو کسی جماعتی یا سیاسی سرگرمی کے لیے استعمال کرنا غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے، اور اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں اپنے سیاسی احتجاج کے لیے کال دی ہوئی ہے، جو حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کا حصہ ہے۔