لندن۔لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر حملے کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق، قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں لندن پولیس کا ایک وفد پاکستانی ہائی کمیشن پہنچا اور ہائی کمیشن کے افسران سے ملاقات کی۔
پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران نے لندن پولیس کے وفد کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا، جبکہ لندن پولیس نے پاکستانی ہائی کمیشن کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ پولیس اس وقت واقعے کی ویڈیوز کی مدد سے تفتیشی عمل کو آگے بڑھا رہی ہے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ہدایت پر، پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانوی وزارت خارجہ کے ذریعے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی۔
29 اکتوبر کو، سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا۔ اس حملے کے سلسلے میں حکومت نے 23 پاکستانیوں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) میں شامل کرلیے ہیں، جن میں لندن مظاہروں کے دوران شہرت حاصل کرنے والے شایان علی اور پی ٹی آئی کی رہنما ملائکہ بخاری کا نام بھی شامل ہے۔ پی سی ایل میں ان تمام افراد کے نام درج کیے گئے ہیں جو اس مقدمے میں ملوث ہیں۔
اس کے علاوہ، 153 مزید افراد کے نام بھی پی سی ایل میں شامل کیے گئے ہیں، تاہم ان 23 افراد کے پاسپورٹ معطل کر دیے گئے ہیں۔ ان افراد کی حوالگی کے لیے برطانوی حکام کو خط بھی ارسال کیا جا چکا ہے، اور اگر یہ افراد پاکستان لائے گئے تو انہیں گرفتار کرکے تفتیش میں شامل کیا جائے گا۔