نیو یارک۔امریکا کے نئے وزیر خارجہ کے طور پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے بجائے اپنے ایک اور قریبی ساتھی کا انتخاب کیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، امریکا کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، تاہم انھوں نے اپنی کابینہ کے اراکین کے انتخاب پر کام شروع کر دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے ہی وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف کے اہم منصب کے لیے اپنی انتخابی مہم کی خاتون سربراہ سوزی کے نام کا اعلان کر دیا ہے، جو امریکی تاریخ میں اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہوں گی۔
وزیر خارجہ کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا کے سینیٹر مارکو روبیو پر اتفاق کیا ہے، جو حالیہ انتخابات میں دوبارہ کانگریس کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ ٹرمپ نے اقوام متحدہ میں امریکا کے نمائندے کے طور پر نیویارک سے تعلق رکھنے والی ایلس اسٹیفانک کا بھی اعلان کیا تھا، جو ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران فنڈ ریزنگ کی ذمہ داری نبھا رہی تھیں۔