مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں مسلح افراد نے بھارتی فوجیوں پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور تین شدید زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے علاقے کشوان میں بھارتی فوج نے ایک ناکہ لگا کر تلاشی کا عمل شروع کیا تھا، اسی دوران نامعلوم مسلح افراد نے فوجیوں پر دھاوا بول دیا۔ یہ حملہ اس وقت ہوا جب بھارتی فوج نے جمعرات کی شام سے ملٹری آپریشن کا آغاز کر رکھا تھا۔
حملے کے نتیجے میں بھارتی فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) اور تین اہلکار زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں علاج کے دوران فوجی افسر راکیش کمار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔ دیگر تین زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی، اور بھارتی فوج تاحال حملہ آوروں کی شناخت نہیں کر پائی ہے۔ اس حملے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی فورسز اور غیر مقامی افراد پر حملوں کا سلسلہ مزید تیز ہوگیا ہے، جس میں گزشتہ ماہ سے اب تک درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارتی فوج کے مطابق علاقے میں ملٹری آپریشن ابھی تک جاری ہے اور حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے تفتیش اور کارروائیاں چل رہی ہیں۔