اسلام آباد۔انٹرنیٹ پر ایک 6 سالہ پاکستانی بچی کی کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس کی شاندار بلے بازی نے دنیائے کرکٹ کو حیران کر دیا۔
یہ بچی، جس کا نام سونیا ہے، بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کے انداز میں شاٹس کھیل رہی ہے۔ اس کی مہارت کو انگلش کرکٹ امپائر رچرڈ کیٹلبرو نے بھی سراہا اور سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دنیا کو اس کی صلاحیتوں سے آگاہ کیا۔
سونیا کے طاقتور اسٹروکس اور شاندار ٹائمنگ اس کے روشن مستقبل کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین بھی اس کی مہارت کو دیکھ کر حیران رہ گئے اور اسے کم عمر میں ایک بہترین کرکٹر قرار دیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سونیا کسی مشکل کے بغیر مہارت سے بہترین شاٹس کھیل رہی ہے۔ امپائر رچرڈ کیٹلبرو نے ویڈیو کے ساتھ لکھا:
“یہ باصلاحیت بچی سونیا ہے، جس کی عمر صرف 6 سال ہے اور اس کا تعلق پاکستان سے ہے۔ یہ روہت شرما کے انداز میں شاٹس کھیل رہی ہے۔”
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے، اور لوگ اس کم سن بیٹر کی غیرمعمولی صلاحیتوں کو سراہ رہے ہیں۔