لاڑکانہ: شہید ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے، جونیئر ذوالفقار علی بھٹو نے سیاست میں قدم رکھ لیا ہے، اور ان کے پہلے باقاعدہ سیاسی جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جو آج شام لاڑکانہ میں ہوگا۔
جونیئر ذوالفقار علی بھٹو آج شام 6 بجے لاڑکانہ کے جناح باغ چوک پر ہونے والے جلسے سے خطاب کریں گے۔ اس جلسے کے لیے ہزاروں کرسیاں لگا دی گئی ہیں اور اسٹیج بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ علاقے کو جونیئر ذوالفقار علی بھٹو کی تصاویر اور بینرز سے سجا دیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے جونیئر ذوالفقار علی بھٹو کے جلسے کی حمایت کا اعلان کیا ہے، اور شہر کے مختلف مقامات پر کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں۔ لاڑکانہ میں جہاں ایک طرف پاکستان پیپلز پارٹی کا جلسہ ہو رہا ہے، وہیں سیاسی مخالفین بھی متحرک ہیں۔
لاڑکانہ کا سیاسی ماحول خاصا گرم ہے، اور سابق جی ڈی اے کے ایم پی اے معظم عباسی کی جونیئر ذوالفقار علی بھٹو کے جلسے میں شرکت متوقع ہے۔ جونیئر ذوالفقار علی بھٹو اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کو کینالز کے مسئلے پر سخت تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔