اسلام آباد۔ امریکہ اورترکیہ کے بعد روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی کوئٹہ میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تعاون کی پیش کش کی ہے۔ روسی صدر نے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر قسم کا تعاون کریں گے۔
روسی صدرولادیمیر پیوٹن نے تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے کہ دہشتگردی کے ذمہ داروں کو سزا ملے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ترکیہ اور اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کی ہے۔
امریکی سفارت خانہ کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔امریکی سفارت خانے نے کہا کہ امریکا دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
ادھردفتر خارجہ ترکیہ نے بھی کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحب یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ واضح رہے کہ آج صبح بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پرخودکش دھماکےکے نتیجے میں خاتون سمیت 26 افراد جاں بحق اور 62 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔