گڑھی خدا بخش: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے میں نے بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کی، اور دنیا کو باور کروایا کہ دریائے سندھ کو بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
گڑھی خدا بخش میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ہم سب ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے کے علم بردار بن کر یہاں موجود ہیں، اور اُن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے صدارتی ریفرنس کے ذریعے شہید بھٹو کے لیے انصاف کی جدوجہد کو مکمل کیا، اور عوامی عدالت نے بھٹو کو بے قصور قرار دے کر تاریخی فیصلے کی توثیق کی۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے اٹھارہویں آئینی ترمیم کے ذریعے بھٹو کا آئین بحال کیا، صوبوں کو ان کا جائز اختیار واپس دلایا اور قائدِ عوام کے مشن کو مکمل کیا۔ شہید بھٹو کو عوامی خدمت، مزدوروں کے حقوق اور غریب عوام کی آواز بننے پر “نشان پاکستان” دیا گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ بطور وزیر خارجہ پانی کے مسئلے کو دنیا کے ہر فورم پر اجاگر کرتے رہے، بھارت کی جانب سے پانی کی بندش اور دریا پر تسلط کے خلاف بھرپور سفارتی جنگ لڑی، اور عالمی برادری کو آگاہ کیا کہ ہمارا دریائے سندھ خطرے میں ہے۔ ان کے بقول، بھارت مسلسل ہمارے آبی وسائل پر قبضہ جما رہا ہے، جسے عالمی سطح پر چیلنج کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے عدالتی نظام میں اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک مؤثر اور غیر جانبدار آئینی عدالت سے ہی ملک میں مساوی نمائندگی کی ضمانت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی ماحول ایسا بن چکا ہے کہ نقصان ملک کو ہو رہا ہے، اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف واضح اور دوٹوک مؤقف اپنایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کبھی مذہب کے پیچھے، کبھی قوم پرستی اور علیحدگی کے نعروں کے پیچھے چھپتے ہیں، لیکن ان کا مقصد صرف پاکستانیوں کو نشانہ بنانا ہے۔ بلوچستان سے کراچی تک دہشت گردی کے واقعات میں معصوم جانیں ضائع ہو رہی ہیں، ان درندوں کا کوئی دین و مذہب نہیں ہوتا، یہ نہ صرف پاکستانیوں کو شہید کرتے ہیں بلکہ بین الاقوامی طاقتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قیدی نمبر 804 (عمران خان) کو سیاست اور حزبِ اختلاف میں رہنے کا حق ہے، لیکن دہشت گردی کے خلاف عملی اقدامات بھی اس کی ذمہ داری ہے۔ ہم “پاکستان کھپے” کا نعرہ لگانے والے لوگ ہیں، ہمیشہ وفاق کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی ہر سازش کا مقابلہ کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت سے مل کر ترقیاتی منصوبوں (PSDP) کو حتمی شکل دے گی اور بجٹ پر مشاورت کرے گی۔ اگر بجٹ میں اتفاقِ رائے شامل نہ ہوا تو بغیر مشاورت پیش کیے گئے بجٹ کی حمایت نہیں کی جائے گی۔
- صفحہ اول
- تازہ ترین
- پاکستان
- بین الاقوامی
- جڑواں شہر
- سپورٹس
- شوبز
- سی پیک
- کاروبار
- سرمایہ کاری
- رئیل سٹیٹ
- تعلیم
- صحت
- کشمیر
- ٹیکنالوجی
- آٹو
- موسمیاتی تبدیلی
- اوورسیز پاکستانی
- یوتھ کارنر
- عجیب و غریب
- کالم
تازہ ترین معلومات کے لیے سبسکرائب کریں
آرٹ، ڈیزائن اور کاروبار کے بارے میں فو بار سے تازہ ترین تخلیقی خبریں حاصل کریں۔