وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور ساری حدود عبور کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں پولی کلینک اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شرپسندوں کے ہاتھوں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی۔
وزیر داخلہ نے زخمی اہلکاروں کے بلند حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے شرپسندی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا اور قانون کی عملداری کے لیے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ آپ اسلام آباد پولیس کے بہادر سپوت ہیں، اور ہمیں آپ پر فخر ہے۔
بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے قافلے سے پولیس پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 80 سے 85 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہی ہے، لیکن ہم انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس تمام صورتحال کی ذمہ داری وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر عائد ہوتی ہے، جنہیں سمجھانے کی بہت کوشش کی گئی، لیکن وہ سننے کے لیے تیار نہیں ہیں اور ساری حدود پار کر رہے ہیں۔