ڈی چوک اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے لیے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں قافلہ راولپنڈی تک پہنچ گیا ہے۔
ٹیکسلا کے ٹھٹہ خلیل علاقے میں پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی جا رہی ہے، جس کے جواب میں مظاہرین پولیس پر پتھراؤ کر رہے ہیں اور شیل اٹھا کر واپس پھینک رہے ہیں۔ شدید مزاحمت کے بعد، پی ٹی آئی کے مظاہرین نے پتھر گڑھ کٹی پہاڑی پر موجود رکاوٹوں کو عبور کر لیا ہے۔
پی ٹی آئی کا قافلہ جس میں تقریباً 800 کارکن شامل ہیں، پنڈی کی حدود میں داخل ہو چکا ہے۔ مرکزی قافلہ پتھر گڑھ کٹی پہاڑی پر رکاوٹیں ہٹا کر راستہ صاف کرنے میں مصروف ہے، جبکہ اس کے پیچھے پیدل شرکاء بھی پیش قدمی کر رہے ہیں۔ 26 نمبر چنگی پر کارکنوں نے ایک کرین اور ایک موٹرسائیکل کو آگ لگا دی ہے۔