لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث مینار پاکستان اور اس کے آس پاس کے راستوں کو کنٹینرز لگا کر مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
شہر کے داخلی راستوں پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، اور پولیس کی بھاری نفری مرکزی شاہراہوں پر تعینات کی گئی ہے۔ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی تیاری کر لی گئی ہے۔ پی ٹی آئی نے آج دوپہر 2 بجے مینار پاکستان پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
اسی دوران، لاہور میں داخل ہونے والے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، جس میں قصور، ٹھوکر نیاز بیگ، کاہنہ نو اور کینال سے مینار پاکستان جانے والے راستے شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کے جلسے کے باعث شہریوں نے اپنی روزمرہ کی سرگرمیاں بھی محدود کر دی ہیں۔
جاتی امراء روڈ پر شریف فیملی کی رہائش گاہ کے جانے والے راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ اڈا پلاٹ پر کنٹینرز لگا کر جاتی امراء روڈ کو بند کیا گیا ہے۔ اڈا پلاٹ پر مختلف مقامات پر 200 سے زائد پولیس اہلکار موجود ہیں۔